بنگلورو،22؍اکتوبر(ایس اونیوز) نائب وزیراعلیٰ ڈاکٹر جی پرمیشور نے کہا ہے کہ بلگاوی کے متوطن سی آر پی ایف جوان امیش مہانگ نے جس دلیری کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے موت کو گلے لگایا ہے ریاستی حکومت اس جوان کی قربانی کو سلام کرتی ہے، اس جوا ن کے خاندان کو درکار تمام سہولتیں فراہم کرنے کے لئے حکومت کی طرف سے ہر قدم اٹھایا جائے گا۔آج بلگاوی ایر پورٹ پر اس جوان کے جسد خاکی کی آمدکے بعد جسد خاکی لے کر رشتہ داروں کے حوالے کرتے ہوئے ڈاکٹر پرمیشور نے کہاکہ ملک کو دہشت گرد عناصر سے بچاتے ہوئے اس نوجوان نے جس دلیری کے ساتھ مقابلہ کیا ہے اس کے لئے یہ نوجوان لائق تحسین ہے۔ سیاسی امور پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر پرمیشور نے اس بات کی تردید کی کہ ریاستی وزراء ڈی کے شیوکمار اور رمیش جارکی ہولی کے درمیان شدید اختلافات ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ دونوں کے درمیان اختلافات کو ختم کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمکھنڈی اسمبلی حلقے کے انتخاب کی ذمہ داری جارکی ہولی کو دی گئی ہے انہیں یقین ہے کہ جارکی ہولی برادران اپنے محنت سے بلگاوی ضلع میں ایک بار پھر کانگریس کے امیدوار کی کامیابی صد فیصد یقینی بنائیں گے۔ رمیش جارکی ہولی کے متعلق ڈی کے شیوکمار کے بیانات پر ڈاکٹر پرمیشور نے کہاکہ یہ دونوں آپس میں دوست ہیں ، آپسی معاملوں کو خود بات چیت کے ذریعے نپٹالیں گے۔ بلگاوی میں مہاراشٹرا یکی کرن سمیتی کی طرف سے یکم نومبر راجیواتسوا تقریب کے اہتمام کے دوران رخنہ ڈالنے کی تیاریوں کے بارے میں اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ فی الوقت انہیں منظر عام پر لانا درست نہیں ہے۔